خلیج اردو آن لائن:
وزیر اعظم پاکستان عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر کل تین روزہ سرکاری دورے کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔ یہ دورہ 7 مئی سے 9 مئی تک جاری رہے گا۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس دورے میں وزیر اعظم کے ساتھ اعلی سطحی وفد بھی موجود ہوگا۔ جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور کیبنیٹ کے دیگر ممبران شامل ہوں گے۔
اس دورے کے دوران وزیر اعظم کی سعودی قیادت سے مشاورت میں دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کو شامل کیا جائے گا جن میں معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، پاکستانی افرادی قوت کے لئے ملازمت کے مواقع اور مملکت میں رہائش پذیر پاکستانی تارکین کی فلاح و بہبود شامل ہیں
دفتر خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "دونوں فریق باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔”
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران متعدد دو طرفہ معاہدوں اور مفاہمت ناموں پر دستخط ہونے کی امید ہے۔
اس کے علاوہ عمران خان او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کریں گے اور جدہ میں پاکستانی تارکین سے بھی ملاقات کریں گے۔
Source: Khaleej Times






