پاکستانی خبریں

افغانستان میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہری آبادی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں، افغان دعوے اور ہلاکتوں کی خبریں پروپیگنڈا قرار

خلیج اردو
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغانستان میں صرف عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا جا رہا ہے اور شہری آبادی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کی وزارت دفاع کے ترجمان کی جانب سے پاکستان کے خلاف میدان جنگ میں کامیابیوں کے دعوے محض پروپیگنڈا ہیں۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پیش کیے جانے والے خیالی اعداد و شمار سنجیدہ تبصرے کے بھی قابل نہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان حکومت اور افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے مشن کی جانب سے افغان شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق دی جانے والی معلومات بھی درست نہیں ہیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق کابل میں قائم اقوام متحدہ کی ایجنسی کی فراہم کردہ معلومات کا زیادہ تر انحصار طالبان حکومت کے ذرائع پر ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں صرف عسکریت پسندوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور شہریوں کے تحفظ کو مکمل طور پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث اطلاعاتی جنگ اور بیانات کی شدت بھی بڑھ رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button