
خلیج اردو
مشرق وسطیٰ میں بڑھتی جنگی کشیدگی کے اثرات عالمی معیشت کے ساتھ پاکستان کی مالی منڈیوں پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں اور پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی۔
کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں شدید دباؤ دیکھا گیا جہاں ہنڈرڈ انڈیکس میں 13 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس گر کر ایک لاکھ 44 ہزار 445 کی سطح تک آ گیا۔
ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر ہنڈرڈ انڈیکس 9 ہزار 780 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 47 ہزار کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا جس سے سرمایہ کاروں میں تشویش پھیل گئی۔
ادھر کے ایس اے 30 انڈیکس میں 6 اعشاریہ 39 فیصد کمی کے باعث مارکیٹ میں 45 منٹ کے لیے کاروبار معطل کر دیا گیا جسے سرکٹ بریک کہا جاتا ہے۔
سرکٹ بریک کے بعد بھی مارکیٹ میں منفی رجحان برقرار رہا اور ہنڈرڈ انڈیکس مزید کمی کے بعد تقریباً ایک لاکھ 44 ہزار کی سطح کے قریب ٹریڈ کرتا رہا۔
عالمی سٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی کا رجحان دیکھا گیا جہاں جنوبی کوریا کی سٹاک مارکیٹ میں تقریباً آٹھ فیصد کمی کے بعد سرکٹ بریکر نافذ کر دیا گیا۔
اسی طرح جاپان کی سٹاک مارکیٹ میں چھ فیصد سے زائد جبکہ آسٹریلیا کی سٹاک مارکیٹ میں تقریباً چار فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق اگر مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید کشیدہ رہی تو عالمی مالیاتی منڈیوں کے ساتھ پاکستان کی معیشت پر بھی دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔






