پاکستانی خبریں

پشاور ہائیکورٹ کا گورنر خیبر پختونخوا کو کل شام چار بجے تک نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لینے کا حکم

خلیج اردو
پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے نئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے حلف سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے گورنر کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل شام چار بجے تک نومنتخب وزیر اعلیٰ سے بلا تاخیر حلف لیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر گورنر حلف نہ لیں تو اسی دن اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی حلف لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے حلف برداری کے لیے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو خط لکھا تھا۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ جب وزیر اعلیٰ 90 ووٹوں سے منتخب ہو چکے ہیں تو کیا وہ کل حلف لیں گے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ گورنر خیبر پختونخوا کل کراچی سے واپس آئیں گے اور انہوں نے علی امین گنڈا پور کو طلب کر رکھا ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ ایک الگ معاملہ ہے، عدالت کو صرف یہ بتایا جائے کہ گورنر حلف لیں گے یا نہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ گورنر واپسی پر قانونی تقاضوں کے مطابق فیصلہ کریں گے، جبکہ گورنر کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ گورنر حلف نہیں لیں گے۔

چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس میں کہا کہ علی امین گنڈا پور نے اسمبلی فلور پر استعفیٰ کی تصدیق کر دی تھی، اور وزیر اعلیٰ کے استعفیٰ دینے سے ہی استعفیٰ مؤثر ہو جاتا ہے، چاہے گورنر منظوری دیں یا نہ دیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈا پور نے نہ صرف استعفیٰ دیا بلکہ نئے وزیر اعلیٰ کو ووٹ بھی دیا۔ گورنر جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ کل بھی کوئی نیا طریقہ اختیار کر کے معاملہ مؤخر کر سکتے ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button