پاکستانی خبریں

پاکستانی فوج اپنی خاکی وردی کو خون میں نہلا کر ہماری حفاظت کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم آزاد کشمیر میں محفوظ ہیں،وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر کا منگ/پلندری میں خطاب، بھارت کو سخت پیغام، ترقیاتی اعلانات

خلیج اردو
منگ / پلندری:وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے منگ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو سخت پیغام دیا اور کہا کہ اگر ہندوستان نے پاکستان میں خون کی ہولی کھیلنا بند نہ کی تو کشمیری مجاہدین بھارت کے اندر گھس کر جواب دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج اپنی خاکی وردی کو خون میں نہلا کر ہماری حفاظت کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم آزاد کشمیر میں محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف کھڑے ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ منگ کو غازیوں اور شہیدوں کی دھرتی قرار دیتے ہوئے چوہدری انوار الحق نے کہا کہ اس مٹی میں مدفون شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے، اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ہیروز کو یاد رکھنا اور اپنے نظریات کی اساس کا تحفظ کرنا ہوگا۔ نسل نو کو اپنے آباؤ اجداد کی تاریخ سے آشنا کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنے مقصد کو پہچان سکیں۔

انہوں نے بھارت کی گیدڑ بھبکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم صرف بیانات پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی اعلانات عوام کا حکومت پر اعتماد ختم کرتے ہیں، لہٰذا وہ عملی فیصلوں پر یقین رکھتے ہیں۔

اس موقع پر چوہدری انوار الحق نے منگ میں تعلیمی ترقی کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ گرلز مڈل سکول گلہ دھینگڑوں کو تمام مطلوبہ آسامیوں کے ساتھ فوری طور پر ہائی سکول کا درجہ دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ گرڈ اسٹیشن سمیت دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ "پونچھ پیکج” کے ذریعے منگ اور اطراف کی تمام پسماندگی کو دور کیا جائے گا تاکہ عوام کو ترقی اور خوشحالی کے سفر میں شامل کیا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button