
خلیج اردو
لاہور:وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے لاہور میں نجی یونیورسٹی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام کے ساتھ کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا، جبکہ ملک کو چھوڑ کر بیرون ملک فرار ہونے والے افراد کو انہوں نے بزدل قرار دیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ جب دنیا پاکستان پر ایک روپیہ لگانے کو تیار نہیں تھی، اس وقت ایک دوست ملک نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اس اعتماد کو قائم رکھنا ہوگا تاکہ معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تین معاشی پروازیں پہلے ہی ناکام ہوچکی ہیں، اب چوتھی پرواز شروع ہونے والی ہے۔ اگر ہم اس بار کامیاب ہوگئے تو آئندہ بیس سے سینتالیس سال کے دوران پاکستان بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے قومی اتحاد اور سیاسی استحکام ناگزیر ہیں۔ بصورت دیگر سرمایہ کاری، روزگار اور خوشحالی سب کچھ خطرے میں رہے گا۔






