
خلیج اردو
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے خلاف پاکستانی افواج کی کامیاب اور فیصلہ کن جوابی کارروائی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا نہایت بھرپور اور طاقتور جواب دیا، اور ان بھارتی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے پاکستان پر حملے کیے گئے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ہماری سنجیدہ پیشکش کو مسترد کیا، اور اشتعال انگیزی کی راہ اپنائی۔ اس کے باوجود پاکستان نے بھرپور تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، لیکن جب قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا تو مؤثر جواب دینا ناگزیر ہو گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات میں آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، بیرسٹر گوہر علی خان، خالد مگسی، خالد مقبول صدیقی، چوہدری سالک حسین، اور حافظ نعیم الرحمان سے رابطے کیے، جنہوں نے وزیراعظم کو مکمل تعاون اور قومی یکجہتی کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے سیاسی قیادت کے اتحاد اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پوری قوم کو متحد دیکھ کر حوصلہ ملا ہے۔ قومی سلامتی سے متعلق اہم فیصلوں کے لیے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف آج شام قوم سے اہم خطاب بھی کریں گے۔






