خلیج اردو
اسلام آباد: اسلام آباد کو شرپسندوں سے محفوظ رکھنے کے لیے رد الفساد فورس بنانے کا فیصلہ،انتشار پھیلانے والوں کو سزائیں دلوانے کے لیے ٹاسک فورس بھی قائم کردی گئی،وزیراعظم شہبازشریف کہتے ہیں پاکستان کے استحکام اور ترقی کے دشمنوں کے مذموم مقاصد کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد میں انتشار و فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی اور انکے خلاف مؤثر کاروائی کے لیے وزیرِ داخلہ کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کی گئی. وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور سیکیورٹی فورسز کے نمائندے بھی اس ٹاسک فورس میں شامل ہوں گے۔
،ٹاسک فورس یہ یقینی بنائے گی کہ 24 نومبر کو انتشار پھیلانے میں ملوث مسلح افراد اور پر تشدد واقعات میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے گی تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا پاکستان کے استحکام اور ترقی کے دشمنوں کے مزموم مقاصد کامیاب نہیں ہونے دینگے.مٹھی بھر انتشاری، پر امن اور غیور پشتونوں کی نمائندگی نہیں کرتے. 24 نومبر کی لشکر کشی کو خیبر پختونخوا سمیت تمام پاکستانیوں نے مسترد کر دیا۔
اجلاس میں وفاقی فورینزک لیب کے قیام کی منظوری دی گئی،وفاقی فورینزک لیب میں ایسے واقعات کی تحقیقات و شواہد اکٹھا کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے گا،،اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں وفاقی پراسیکیوشن سروس کو مضبوط کرنے اور افرادی قوت بڑھانے کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا گیا۔