
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم نے وفاقی حکومت کے اداروں میں کارکردگی کے مؤثر جائزے کے لیے اعلیٰ سطحی اصلاحاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق وزیر خزانہ کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق کمیٹی میں وزیر توانائی، وزیر موسمیاتی تبدیلی، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔ کمیٹی کا بنیادی مقصد وفاقی حکومت کے تمام اداروں میں 360 ڈگری کارکردگی جائزہ نظام کے نفاذ کا جائزہ لینا ہے۔
کمیٹی ایف بی آر کے موجودہ 360 ڈگری ماڈل کا فریم ورک، طریقہ کار اور نتائج کا تجزیہ کرے گی، جبکہ دیگر وزارتوں اور سروس گروپس میں اس ماڈل کے اطلاق اور توسیع کی بھی جانچ کی جائے گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی قانون سازی اور انتظامی تبدیلیوں کی ضرورت کا تعین کرے گی، معیاری جانچ ٹیمپلیٹس اور فیڈبیک سسٹم تجویز کرے گی، اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ایک شفاف، غیر جانبدار اور مؤثر کارکردگی جائزہ نظام متعارف کرائے گی۔
پائلٹ مرحلے سے لے کر مکمل نفاذ تک کا مرحلہ وار منصوبہ بھی کمیٹی تیار کرے گی۔ کمیٹی تیس دن میں اپنی جامع رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔






