عالمی خبریںپاکستانی خبریں

پاکستان کا مالی اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں آ چکا ہے اور مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے،وفاقی وزیر خزانہ کی واشنگٹن میں آئی ایم ایف و ورلڈ بینک اجلاسوں کے دوران اہم ملاقاتیں

خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ سپرنگ اجلاسوں میں شرکت کے دوران ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پاکستان کی معاشی استحکام، جاری اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر توجہ مرکوز کی گئی۔

وزیر خزانہ نے جی 24 ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستان میں مضبوط بینکاری نظام اور مسلسل ساختی اصلاحات کے نتیجے میں حاصل ہونے والے میکرواکنامک استحکام کو اجاگر کیا۔

انہوں نے آئی ایم ایف کے زیرِ صدارت ایک پینل مباحثے میں ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکس نظام میں جاری اصلاحات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

محمد اورنگزیب نے سعودی فنڈ برائے ترقی کے سی ای او سے ملاقات میں سعودی آئل سہولت کے تحت فنڈز کی فوری فراہمی کی درخواست کی، جبکہ ڈوئچے بینک کے وفد سے ملاقات کے دوران پاکستان کی مالیاتی منڈیوں میں واپسی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ نے موڈیز کی کمرشل ٹیم سے بھی ملاقات کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا مالی اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں آ چکا ہے اور مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے مستقبل میں ممکنہ اشتراک پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button