پاکستانی خبریں

ترکیہ کے عوام پاکستان کی کامیابیوں پر خوش ہیں اور خطے میں اس کی امن کی کوششوں کو سراہتے ہیں،وزیراعظم سے پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر کی ملاقات

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوعلو نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور حالیہ کشیدگی کے تناظر میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان سے مکمل یکجہتی پر صدر رجب طیب ایردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کی مستقل حمایت نے ایک بار پھر پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے ترکیہ کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل حالات میں پاکستانی قوم کا بھرپور ساتھ دیا۔

وزیراعظم نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم کو ناکامی سے دوچار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کی مفاہمتی پالیسی کے تحت بھارت کے ساتھ جنگ بندی قبول کی گئی تھی۔

دوطرفہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر ایردوان کے حالیہ دورہ اسلام آباد کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ انقرہ میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں طے پانے والے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور وزرائے خارجہ کی سطح پر جوائنٹ کمیشن کا اجلاس جلد بلایا جائے۔

اس موقع پر ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوعلو نے فوجی اور سفارتی کامیابیوں پر وزیراعظم اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے عوام پاکستان کی کامیابیوں پر خوش ہیں اور خطے میں اس کی امن کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ایردوان پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ہر شعبے میں تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے اعلیٰ سطحی ادارہ جاتی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button