
خلیج اردو
راس الخیمہ: راس الخیمہ پولیس نے ٹریفک تنازع کے بعد تین خواتین کو قتل کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا جہاں فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیمیں پانچ منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ایک تنگ گلی میں گاڑی کے گزرنے کے دوران جھگڑے کے بعد پیش آیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گیا اور ملزم نے مبینہ طور پر اسلحہ نکال کر تین خواتین پر فائرنگ کر دی۔
زخمی خواتین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ پولیس نے تصدیق کی کہ واقعے میں استعمال ہونے والا ہتھیار قبضے میں لے لیا گیا ہے اور مقدمہ مزید قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ روزمرہ جھگڑوں میں خود پر قابو رکھیں اور قانون کی پاسداری کریں، ورنہ قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ کمیونٹی کی سلامتی اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔







