
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے ملک میں کام کرنے والے پانچ انشورنس بروکرز پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف قوانین کی خلاف ورزی پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ مرکزی بینک نے وفاقی قانون نمبر 20 آف 2018 کے آرٹیکل 14 کے تحت انتظامی اور مالی پابندیاں عائد کیں۔
حکام کے مطابق مذکورہ بروکرز منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت سے نمٹنے کے لیے مقرر کردہ ضوابط اور فریم ورک پر عملدرآمد میں ناکام رہے، جس پر کارروائی کی گئی۔
دو انشورنس بروکرز پر مالی جرمانے عائد کیے گئے جبکہ باقی تین کو باضابطہ وارننگ جاری کی گئی۔
مرکزی بینک نے واضح کیا کہ وہ اپنے نگرانی اور ضابطہ جاتی اختیارات کے تحت یہ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ تمام انشورنس بروکرز اور متعلقہ شعبے کے ادارے یو اے ای کے قوانین اور ضوابط کی مکمل پاسداری کریں تاکہ انشورنس انڈسٹری اور مالیاتی نظام میں شفافیت اور دیانت داری کو یقینی بنایا جا سکے۔







