
خلیج اردو
ابوظہبی: وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، جہاں اماراتی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
ائیرپورٹ سے وزیراعظم کا قافلہ صدارتی محل روانہ ہو گیا، جہاں وہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون، تجارتی روابط اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم دیگر اعلیٰ حکام سے بھی اہم ملاقاتیں کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی و اقتصادی تعلقات کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔






