
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اہم خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری، عوامی غیرت اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم نے دنیا کو یہ واضح پیغام دے دیا کہ پاکستان ایک غیرت مند اور خود دار قوم ہے۔
وزیراعظم نے بھارت کی حالیہ جارحیت کو بزدلانہ اور شرمناک قرار دیا اور کہا کہ دشمن نے ہماری خودمختاری کو چیلنج کیا، تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔ انہوں نے قرآن مجید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "اللہ کو وہ لوگ پسند ہیں جو اس کی راہ میں صف بستہ ہوکر لڑتے ہیں جیسے سیسہ پلائی دیوار ہوں۔”
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ثابت کردیا کہ ہم ایک خودمختار قوم ہیں، ہمارا وقار اور عزت ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ دشمن نے پہلگام کا بہانہ بنا کر بلاجواز جارحیت کی، ہم نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے غرور اور گھمنڈ میں ہماری سرحد کو پامال کرنے کی کوشش کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے معصوم شہریوں اور آبی ذخائر کو نشانہ بنا کر ہمارے صبر کا امتحان لیا۔ ہم نے تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا، لیکن جب حد سے تجاوز ہوا تو فیصلہ کیا کہ بھارت کو اسی زبان میں جواب دیا جائے جو وہ سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر تاریخ کا ایک سنہری باب رقم کیا ہے۔ "کوئی ہماری خود مختاری پر حملہ کرے تو ہم ‘لا الہ الا اللہ’ کا ورد کرتے ہوئے اس پر غالب آتے ہیں۔”
وزیراعظم نے قوم کے اتحاد، افواج پاکستان کی بہادری، اور سفارتی حکمت عملی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی سرزمین کا دفاع کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے جہازوں، ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے نہتے شہریوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، لیکن وہ اپنے عزائم میں ناکام رہا۔ ہماری افواج نے آبی ذخائر پر حملے کی بھی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا کہ اب دشمن کو اسی زبان میں جواب دیا جائے گا جو وہ بخوبی سمجھتا ہے۔ اب جو بات مذاکرات کی میز پر ہونی تھی، وہ میدان جنگ میں طے کی جائے گی۔ پاکستان کے شیر دل جوانوں کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فتح صرف افواج پاکستان کی نہیں بلکہ 24 کروڑ عوام کی ہے جنہوں نے اپنے شیروں اور شاہینوں پر محبت کے پھول برسائے اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ان کے ساتھ کھڑے رہے۔ شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں بھارتی توپوں کو خاموش کر دیا، جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ دشمن کے فوجی اڈے، اسلحے کے انبار اور ایئر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے کھنڈرات میں بدل گئے۔ ہم نے دشمن کے اس بوسیدہ نظریے کے خلاف کارروائی کی جو جارحیت، تعصب اور انسان دشمنی پر قائم ہے۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے وہی کیا جو ایک باوقار اور خوددار قوم کو زیب دیتا ہے، اور دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔






