
خلیج اردو
انقرہ – وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام عالم کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینا ہوگی۔ وزیراعظم نے صدر اردوان کو ایک دور اندیش اور وژنری رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2010 کے سیلاب میں صدر اردوان نے پاکستان آ کر متاثرین سے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ترکیہ نے ہر ممکن مدد فراہم کی۔
وزیراعظم شریف نے بتایا کہ دونوں ممالک نے توانائی، کان کنی، معدنیات اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کے لیے ترکیہ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون عالمی استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے غزہ میں جاری ظلم پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے 50 ہزار معصوم جانوں کے ضیاع کی مذمت کی اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور شمالی قبرص کے مسئلے پر ترکیہ کے موقف کی حمایت کا اعادہ کیا۔
صدر طیب اردوان نے اپنی گفتگو میں پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی رابطے دونوں ممالک کی گہری دوستی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ دفاعی شعبے میں پاکستان کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے عالمی امور پر دونوں ممالک کے خیالات میں ہم آہنگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔






