
خلیج اردو
حیدرآباد:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کینالز منصوبے پر پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کی گئی، لیکن سندھ کے عوام نے ان سازشی عناصر کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے وفاق کا ساتھ دیا، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اور پیپلز پارٹی نے ماضی میں کالاباغ ڈیم منصوبے کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی تمام سندھ مخالف منصوبوں کی سختی سے مخالفت کرتی رہے گی اور دریائے سندھ پر کسی بھی کینال کی تعمیر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جلسے میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ کسی بھی کینال منصوبے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اسلام آباد والوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ سندھ کے لیے پانی صرف ایک وسائل نہیں بلکہ زندگی کی علامت ہے۔