
خلیج اردو
اسلام آباد: ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات کی جس میں بھارتی جارحیت اور اس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی عسکری کارروائی "آپریشن بنیان مرصوص” پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم نے صدر کو بھارتی حملوں کے تناظر میں قومی سلامتی سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے صدر کو بتایا کہ پاکستان نے انتہائی منظم اور فیصلہ کن انداز میں دشمن کو مؤثر جواب دیا، جس میں نہ صرف عسکری حکمت عملی بلکہ سفارتی اور سیاسی سطح پر بھی متوازن اقدامات کیے گئے۔
صدرِ مملکت نے بھارتی بلااشتعال میزائل حملوں کے منہ توڑ جواب پر پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت کو سراہتے ہوئے کہا:
"پاکستان نے ایک ذمہ دار اور امن پسند قوم کی حیثیت سے بھارتی اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن جب ہماری خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کی بات آئی تو مؤثر جواب دینا ناگزیر تھا۔”
صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان ہر قیمت پر اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کرے گا۔






