
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو پہلگام واقعے پر غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات کی پیشکش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور دہشت گردی کو ہر صورت مسترد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد میں 90 ہزار شہریوں کی جانیں گنوائی ہیں۔
شہبازشریف نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر کہا کہ اگر پاکستان کا پانی روکا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور کسی کو بھی اس بات کی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان اپنی سلامتی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں خاموش رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک کی حفاظت کے لیے ہر قیمت پر اپنے فرائض ادا کریں گی۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کی خواہش رکھتا ہے مگر اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے لیکن پاکستان وطن عزیز کی سالمیت پر کسی بھی قسم کی آنچ نہیں آنے دے گا۔