پاکستانی خبریں

وزیر اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ

خلیج اردو
اسلام آباد، 23 جون 2025ء
وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پیزشکیان کے درمیان آج سہ پہر اہم ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں حالیہ خطے کی صورتحال، بالخصوص امریکی فضائی حملوں کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو اسرائیل کی بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت کے بعد ایک خطرناک پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

وزیر اعظم نے اس امر پر تشویش ظاہر کی کہ امریکی حملوں میں ان تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے تحفظ میں تھیں، اور ان حملوں کو بین الاقوامی قوانین، بالخصوص IAEA قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے فوری مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کے حل پر زور دیا۔

شہباز شریف نے اس موقع پر عالمی برادری کی اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر پیزشکیان نے ایرانی عوام کی جانب سے پاکستان کے اس بھرپور اور بروقت اظہار یکجہتی پر وزیر اعظم، حکومت، عوام اور عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے روابط پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس نازک مرحلے پر امت مسلمہ کو باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے کو جاری رکھنے اور علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button