خلیج اردو: وزیراعظم شہباز شریف نے موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ کم کرنے اور رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار میں بجلی بند نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت رواں سال موسمِ گرما میں بجلی کی فراہمی اور پاور سیکٹر کے مختلف منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف نے رواں سال موسمِ گرما میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سحور و افطار میں کوئی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے جبکہ سرکاری عمارتوں کی سولرآئیزیشن کی رفتار کو تیز کیا جائے۔
وزیراعظم نے تھر مٹیاری پانچ سو کے وی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے عمل میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام مقررہ مدت میں پورا کیوں نہیں ہوا، منصوبے میں غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔ شہباز شریف نے این ٹی ڈی سی بورڈ کی ازسر نو تشکیل کی بھی ہدایت کی۔