خلیج اردو: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ قیادت وفاقی حکومت مخلتف ائیر لائنز کی عالمی پروازوں میں بزنس کلاس ٹکٹس پر ایکسائز ڈیوٹی لگانے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی زمین کے ساتھ ساتھ آسمان پر بھی پہنچ گئی۔ وفاقی حکومت آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات کے تناظر میں عالمی بزنس کلاس ٹکٹس پر ایکسائز ڈیوٹی لگانے کیلئے تیار ہے۔
بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بیرونِ ملک آمدورفت کے دوران بزنس کلاس مسافروں کو 17 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا کرنی ہوگی۔ آئی ایم ایف ٹیم کو ایف ای ڈی عائد کرنے کے فیصلے پر آگہی دے دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق ایف ای ڈی فرسٹ کلاس، بزنس اور ڈیوٹی کلب ٹکٹس پر عائد ہوگی۔ عالمی فضائی ٹیکٹس میں ایکسائز ڈیوٹی کے طور پر 50 ہزار روپے وصول کرنے کی تیاری جاری ہے، جس کا حتمی فیصلہ آنا باقی ہے۔
اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدے میں مثبت پیشرفت سامنے آئی۔ پاکستان اور آئی ایم ایف نے بعض معاملات میں اتفاق کر لیا۔
آئی ایم ایف کی جانب سے کئی معاملات پر رضامندی اور اتفاقِ رائے کا اظہار سامنے آیا۔ بعض میڈیا رپورٹس میں گزشتہ روز بتایا گیا کہ آئی ایم ایف بلوچستان میں ٹیوب ویلز سبسڈی اور توانائی کیلئے کسان پیکیج پر رضامند ہوگیا۔