
خلیج اردو
کراچی – 3 جولائی 2025ء
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کسی سے خطرہ نہیں، بلکہ وہ خود اپنی سیاست کی سب سے بڑی دشمن ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، لیکن وزیراعلیٰ اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ ’’احتجاج ہر شہری کا حق ہے، لیکن حکومت کسی جتھے کے دباؤ میں نہیں آئے گی،‘‘ انہوں نے کہا۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جماعت کے طرز سیاست کی وجہ سے جیل میں ہیں، کسی اور کو اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
جماعت اسلامی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا، ’’تنقید اور مظاہروں کے سوا جماعت اسلامی نے کوئی عملی کام نہیں کیا۔ اگر وہ اتنی ہی جہادی ہے تو جا کر جہاد کرے، یہاں بیٹھ کر فتنہ کیوں پھیلا رہی ہے؟‘‘
ایم کیو ایم کے رویے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ واقعی سنجیدہ ہوتی تو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیتی۔
پریس کانفرنس کے آخر میں شرجیل میمن نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں تاکہ صوبے کے مسائل بروقت حل ہو سکیں۔






