پاکستانی خبریں

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی پر بڑا اقدام، سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر

خلیج اردو
اسلام آباد – 3 جولائی 2025ء
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے 27 جون کو اجلاس کے دوران شور شرابہ اور توڑ پھوڑ کے واقعات کے بعد اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن میں باضابطہ طور پر دائر کر دیا ہے۔

اسمبلی اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی پر اسپیکر نے ان 26 ارکان کی رکنیت معطل کر دی تھی، اور 28 جون کو ان کے خلاف نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا، جس پر اب عملی قدم اٹھا لیا گیا ہے۔

اسپیکر ملک احمد خان نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ، ’’پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 63 میں ارکان کی اہلیت اور نااہلی کے نکات واضح ہیں۔ ہر رکن جب اسمبلی میں آتا ہے تو حلف اٹھاتا ہے کہ وہ آئین کی پاسداری کرے گا۔ مگر جب وہی رکن حلف کی خلاف ورزی کرے تو یہ آئین سے انحراف کے مترادف ہوتا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ایوان کے تقدس کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے اور وہ آئین کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر مؤقف اپنائیں گے۔

ملک احمد خان نے اس امر پر زور دیا کہ جو اراکین ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، بدتمیزی اور غیرپارلیمانی طرز عمل کا مظاہرہ کریں، ان کی جگہ ایوان میں نہیں ہونی چاہیے، اور ایسے عناصر کے خلاف آئینی راستہ اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button