خلیج اردو
لاہور – پاکستان تحریک انصاف کی لاہور جیل میں قید سینئر قیادت نے ملکی سیاسی بحران کے حل کے لیے قیادت کو ایک اہم خط لکھا ہے جس میں فوری اور جامع مذاکرات شروع کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ خط پر شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر رہنماؤں کے دستخط موجود ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت سنگین آئینی، سیاسی اور معاشی بحران سے گزر رہا ہے، اور اس سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔ انہوں نے تجویز دی ہے کہ مذاکرات کا آغاز فوری طور پر سیاسی سطح پر کیا جائے اور بعد ازاں مقتدر حلقوں سے بھی رابطہ قائم کیا جائے تاکہ ایک پائیدار قومی اتفاق رائے ممکن ہو سکے۔
اسیر رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور میں قید پی ٹی آئی قیادت کو بھی مذاکراتی عمل کا حصہ بنایا جائے تاکہ فیصلے مشاورت اور نمائندگی کے ساتھ ہوں۔ انہوں نے بانی چیئرمین عمران خان تک رسائی آسان بنانے اور ایک بااختیار مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی اپیل کی ہے، تاکہ پارٹی مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
رہنماؤں نے زور دیا ہے کہ مذاکراتی رابطے محض وقتی نہ ہوں بلکہ انہیں ایک تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے، تاکہ بحران کے حل کی جانب سنجیدہ پیش رفت ممکن ہو سکے۔






