
خلیج اردو
لاہور:پنجاب کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہوا، جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں گندم کے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ویٹ سیکٹر کی ڈی ریگولیشن کی منظوری دی گئی، جس کے تحت کاشتکاروں کو اپنی گندم سٹور کرنے کی سہولت ملے گی اور سٹوریج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
کابینہ نے پندرہ لاکھ کارکنوں، مزدوروں اور ورکرز کے لیے پاکستان کا سب سے بڑا راشن کارڈ متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا۔ راشن کارڈ کے ذریعے ورکرز کو 10 ہزار روپے ماہانہ امداد دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
چین کے ادارہ نے پنجاب میں چاول کا ہائیبرڈ سیڈ متعارف کرانے کے لیے معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ، پچیس فیصد لازمی گندم خریداری نہ کرنے والی فلور ملوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے واٹر سپلائی سکیموں کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دیا اور راجن پور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دی۔






