جمعہ 10 جولائی 2020خلیج اردو ویب ڈیسک
پنجاب حکومت کا نئے پاکستان میں دوبئی کی طرز پر ایک نیا شہر بسانے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے شمال میں نیا شہر بسانے کے لیے علیحدہ اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے بعد حکومت اتھارٹی کے قیام کے لیے آرڈیننس جاری کرے گی۔
یہ اتھارٹی نیا شہر بنانے کا کام کرے گی اور حکومتی ذرائع کے مطابق نیا شہر دبئی کی طرز پر بنایا جائے گا۔ لاہور کے شمالی علاقے میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی پر نیا شہر دبئی کی طرز پر تعمیر ہو گا۔
حکومت کی جانب سے موقف سامنے آیا ہے کہ پرانے شہروں میں آبادی کی زیادتی کے باعث بنیادی سہولیات کی بھی کمی ہو رہی ہے لہٰذا اب نیا شہر بسا کر اس کمی کو قابو کیا جائے گا۔
اس منصوبے میں نجی شعبے کی جانب سے 5 ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری کی توقع کی جا رہی ہے۔
نئے شہر میں ہائی رائز بلڈنگز کی تعمیر کو ترجیح دی جائے گی اور ایک بڑی جھیل سمیت 3 بیراج بھی بنائے جائیں گے جب کہ نیا شہر بسنے سے ماحولیات، پانی اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جاسکے گا۔
یہ منصوبہ راوی کے دریا کے علاقے میں تعمیر کیا جائے گا منصوبے کا مقصد حکومت کی جانب سے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے وعدے کی تکمیل کی جانب ایک اہم سنگ میل ہو گا۔
ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کے چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ہی ہوں گے۔ البتہ ابھی اس نئے شہر کا نام نہیں بتایا گیا لیکن یہ اس شہر کو بسانے کا مقصد لاہور کی بے ہنگم آبادی کو بڑھنے سے روکنا اور کنٹرول کرنا ہے






