پاکستانی خبریں

 میو اسپتال میں انجکشن کا ری ایکشن، 2 مریض جاں بحق، 14 متاثر

خلیج اردو
لاہور: میو اسپتال میں مبینہ طور پر انجکشن کے ری ایکشن کے باعث دو مریض جاں بحق جبکہ 14 متاثر ہو گئے، جن میں سے تین کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال میں مذکورہ انجکشن کے استعمال پر پابندی لگا دی اور معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔

پروفیسر اسرار الحق کی سربراہی میں بننے والی انکوائری کمیٹی میں چیف فارماسسٹ، ڈپٹی نرسنگ اور اے ایم ایس اسپتال کو شامل کیا گیا ہے۔ ایم ایس میو اسپتال کے مطابق یہ انجکشن ڈی جی ہیلتھ آفس کی جانب سے خریدا گیا تھا اور اس کے مشتبہ بیچ کو ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔

 افسوسناک واقعہ، غلط انجکشن سے اموات، وزیر اطلاعات پنجاب
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ میو اسپتال میں مریضوں کی ہلاکت ایک افسوسناک واقعہ ہے، جس میں انسانی غلطی نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت فنڈز میں کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی گئی، بلکہ بجٹ میں 500 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ اس معاملے پر سیاست کر رہے ہیں، جبکہ حکومت عوام تک مفت ادویات پہنچا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو ہسپتالوں کے دورے کر کے تشہیر کی ضرورت نہیں، اور ایم ایس میو اسپتال کے استعفیٰ پر غیر ضروری پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button