پاکستانی خبریں

ریحام خان نے "پاکستان ریپبلک پارٹی” کے نام سے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا

خلیج اردو
کراچی – سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور معروف صحافی ریحام خان نے "پاکستان ریپبلک پارٹی” کے نام سے ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ یہ جماعت عوام کی آواز بن کر حکمرانوں کا پیچھا کرے گی۔

ریحام خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریپبلک پارٹی کا مقصد ملک کے عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لیے جدو جہد کرنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت روایتی سیاست سے ہٹ کر عوامی مفاد کو اولین ترجیح دے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران ریحام خان نے سابق وزرائے اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "ملک میں ایسے وزیراعظم بھی آئے جنہیں ملکی حالات کا علم بیوی یا ٹی وی سے ہوتا تھا۔”

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کا نعرہ "جمہور، اختیار، انصاف” ہوگا، اور وہ جلد عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گی۔ ریحام خان کے اس اعلان کو سوشل میڈیا پر ملی جلی آراء کا سامنا ہے، جبکہ سیاسی تجزیہ کار اس نئی جماعت کی عوامی پذیرائی کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button