پاکستانی خبریں

سینیٹر پروفیسر ساجد میر انتقال کر گئے، سیالکوٹ میں نماز جنازہ آج رات ادا کی جائے گی

خلیج اردو
3 مئی 2025، سیالکوٹ
مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر طویل علالت کے بعد 87 برس کی عمر میں اپنے آبائی گھر سیالکوٹ میں قضائے الٰہی سے وفات پا گئے۔ ان کی نماز جنازہ آج رات 10 بجے سیالکوٹ میں ادا کی جائے گی۔

پروفیسر ساجد میر ایک ماہ قبل مہروں کے آپریشن سے گزرے تھے جبکہ دس برس قبل ان کے دل میں اسٹنٹ بھی ڈالا گیا تھا۔ وہ 1938ء میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور گزشتہ 40 برس سے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ 5 مرتبہ ایوان بالا (سینیٹ) کے رکن منتخب ہوئے اور انہیں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔

پروفیسر ساجد میر نے کئی علمی و تحقیقی تصانیف تحریر کیں، جن میں ان کی کتاب عیسائیت: ایک مطالعہ و تجزیہ کو خاص شہرت حاصل ہوئی۔ ان کے سعودی عرب کے حکمرانوں، خصوصاً شاہ عبد اللہ، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ قریبی تعلقات بھی قائم تھے۔

سیاسی تاریخ میں ان کی انفرادیت کا ایک نمایاں پہلو اس وقت سامنے آیا جب انہوں نے جنرل پرویز مشرف کے صدارتی انتخاب کی مخالفت میں تنہا ووٹ دیا۔ وہ اسلام کی سربلندی، جمہوریت کے فروغ اور عوامی شعور کی بیداری کے لیے ہمیشہ مؤثر اور توانا آواز رہے۔

مرحوم اپنے پیچھے دو بیٹے، ایک بیٹی اور بیوہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button