
خلیج اردو
کراچی: کراچی کے شہریوں نے رات گئے آسمان پر شہابِ ثاقب کا دلکش نظارہ دیکھا، جس نے دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہابِ ثاقب رات 2 بج کر 43 منٹ پر آسمان پر نمودار ہوا، جسے کئی شہریوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا اور اس خوبصورت منظر کو موبائل فون کے کیمروں میں قید کر لیا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ نظارہ نہایت حسین اور یادگار تھا، جو کچھ لمحوں کے لیے آسمان پر چمکتا رہا۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق شہابِ ثاقب کا زمین کے قریب سے گزرنا ایک قدرتی عمل ہے، اور ایسے مناظر وقتاً فوقتاً مختلف علاقوں میں دیکھنے کو ملتے ہیں۔
کراچی میں شہابِ ثاقب کے اس دلفریب منظر نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر لی، جہاں شہریوں نے اس نایاب لمحے کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔