خلیج اردو
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کے وکیل سلمان صفدر کی آج ہی ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے کہا کہ سلمان صفدر عدالتی مینڈیٹ کے ساتھ عدالتی کمیشن اور عدالت کے دوست کے طور پر اڈیالہ جیل جائیں گے۔
چیف جسٹس نے واضح کیا کہ عدالت کا 24 اگست 2023 کا بانی پی ٹی آئی کو جیل سہولیات فراہم کرنے سے متعلق حکم پہلے سے موجود ہے اور اس پر عمل ہونا چاہیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سلمان صفدر آج ہی ملاقات کر کے بانی پی ٹی آئی کی حالت سے متعلق تفصیلی رپورٹ کل تک سپریم کورٹ میں جمع کرائیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ عدالت کو تفصیل سے بتایا جائے کہ بانی پی ٹی آئی کس حال میں ہیں اور میں نہیں چاہتا کہ سلمان صفدر کو جیل کے باہر انتظار کرایا جائے۔ اگر کوئی مسئلہ ہو تو فوری طور پر چیف جسٹس کے اسٹاف آفیسر کو آگاہ کیا جائے۔
عدالت نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ سلمان صفدر کو ملاقات کا وقت بتایا جائے اور سپریم کورٹ کے حکم پر ہر صورت عمل کرایا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کی مدد کی جائے تاکہ کیس کا فیصلہ ہو سکے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔







