
خلیج اردو
اسلام آباد – سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرانے کے لیے تحریری حکم نامہ جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ یہ فیصلہ نومئی کیسز میں بانی پی ٹی آئی کے ریمانڈ سے متعلق اپیل پر سماعت کے دوران سامنے آیا۔ عمران خان کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ اگر سپریم کورٹ کی خصوصی ہدایات ہوں تو ان کی ملاقات بانی پی ٹی آئی سے ہو جائے گی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ "آپ نے جب ملاقات کے لیے جانا ہے، تو چلے جائیں، بغیر عدالتی حکم نامے ملاقات کریں، ملاقات ہو جائے گی۔” سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافکس اور وائس میچنگ ٹیسٹ ابھی باقی ہے، اور جسمانی ریمانڈ صرف دو ٹیسٹ کے لیے درکار ہے، لیکن بانی پی ٹی آئی نے تعاون نہیں کیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے اس پر سخت ریمارکس دیئے کہ "یہ بات نہ کریں کہ ملزم جیل میں تعاون نہیں کرتا۔” اس کے بعد ذوالفقار نقوی نے اپنے الفاظ واپس لے لئے۔ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی بحالی کے خلاف اپیلیں غیر موثر ہونے پر خارج کر دی گئیں۔






