پاکستانی خبریں

ہر مسئلے کا حل پارلیمنٹ اور سیاست کے ذریعے ہی ممکن ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی

خلیج اردو
کوئٹہ- وزیراعلیٰ بلوچستان سر فراز بگٹی نے وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا ایک نہیں، کئی دشمن ہیں لیکن ہم اپنی عوام کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی استحکام کے لیے ضروری ہے، اور ہر مسئلے کا حل پارلیمنٹ اور سیاست کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

سر فراز بگٹی نے کہا کہ کچھی کینال سے زرعی انقلاب آئے گا جس سے بلوچستان کی معیشت میں بہتری آئے گی اور صوبے کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بلوچستان کے عوام کو منتقل کرنا خوش آئند ہے اور وفاقی حکومت کا یہ اقدام خیر سگالی کا ہے۔ بلوچستان کے عوام کی جانب سے صدر پاکستان اور وزیراعظم کا شکرگزار ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی سے کوئٹہ تک آر سی ڈی شاہراہ کے لیے پیسے مختص کیے گئے ہیں، جو بلوچستان کی ترقی کے لیے اہم قدم ہے۔ وفاقی وزیر جام کمال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ بلوچستان کو ترجیح دی ہے، اور کچھ لوگوں کو پاکستان اور بلوچستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا ثمر عوام کو ملے گا اور ہمیں ملک میں یکساں ترقی کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر خالد مگسی نے کہا کہ اختر مینگل کا دھرنا ختم کرانے میں وزیراعلیٰ کا کردار انتہائی اہم رہا، جس سے بلوچستان کی سیاسی صورتحال میں بہتری آئی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button