پاکستانی خبریں

سانحہ سوات پر خیبرپختونخوا حکومت کا رویہ افسوسناک، صوبائی نظم و نسق مکمل ناکام ہوچکا ہے: اختیار ولی

خلیج اردو
پشاور – 3 جولائی 2025ء
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی نے سانحہ سوات پر خیبرپختونخوا حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا ردعمل نہ صرف افسوسناک تھا بلکہ اس نے ان کی انتظامی ناکامی کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اختیار ولی نے کہا کہ دریائے سوات میں پھنسے افراد مسلسل مدد کے منتظر رہے، لیکن صوبائی حکمرانوں کو ان کی آواز سنائی نہ دی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر حکومت کہاں تھی جب لوگ موت و حیات کی کشمکش میں تھے؟

انہوں نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا سارا زور الزامات لگانے، پروپیگنڈا پھیلانے اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر ہے۔ جبکہ عوام کو درپیش مسائل، قدرتی آفات اور ایمرجنسی ریسپانس جیسے معاملات کو مکمل طور پر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

اختیار ولی نے سوال کیا کہ وفاق سے خیبرپختونخوا کو ملنے والے اربوں روپے کہاں خرچ ہوئے؟ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے لیے ملنے والے فنڈز کی تفصیلات بھی عوام کے سامنے لائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ سوات نے ثابت کر دیا ہے کہ صوبائی حکومت کی تمام تر توجہ صرف کرپشن، کمیشن اور لوٹ مار پر ہے، نہ کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت پر۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button