خلیج اردو
راولپنڈی: پاکستان میں ضلع کرم میں سرحد پار سے دہشت گردوں نے پاکستانی فورسز پر فائرنگ کی ہے۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔ اس دوران پاکستان کے تین سیکورٹی اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آرکے مطابق ضلع کرم کے علاقے خرلاچی میں بین الاقوامی سرحد کے اس پار افغانستان کے اندر سے دہشتگردوں نے پاکستانی جوانوں پر فائرنگ کی، مصدقہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا، تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران کرک کے 32 سالہ نائیک محمد رحمان، جمرود، خیبر کے 34 سالہ نائیک معاویز خان اور مالاکنڈ کے 27 سالہ سپاہی عرفان اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہیدت ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان مخالف کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اورتوقع کرتا ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کو روکے گی، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے اور وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔