خلیج اردو
اسلام آباد:غیر قانونی منی ایکسچینج اور بینکرز کے گٹھ جوڑ کے باعث۔ لاکرز میں کروڑوں ڈالرز رکھے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اور دیگر اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے متعدد لاکرز سیل کر دیئے۔ نجی شاپنگ مال کے ایک اپارٹمنٹ کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔۔
92 نیوز نے ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی منی ایکسچنج نے مختلف بینکوں سے ذخیرہ اندوزی سے متعلق گٹھ جوڑ بنا رکھا ہے۔
اسلام آباد کے 78 بینکرز اور کیشیئرز گٹھ جوڑ میں ملوث ہیں ، بینکرز نے غیر قانونی دھندا کرنے والوں سے مل کر لاکرز بنا رکھے ہیں، جن میں کروڑوں ڈالرز رکھے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
مختلف چھاپوں کے دوران کئی لاکرز کو سیل کر دیا گیا ہے، نجی شاپنگ مال کے ایک اپارٹمنٹ کو بھی سیل کر دیا گیا ہے جہاں لاکھوں ڈالر کی رقم کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ رہائش پذیر ایجنٹ موقع سے فرار ہو گیا۔