خلیج اردو
اسلام آباد: بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ 6 دنوں میں 369 بجلی چورگرفتار کر لیے گئے ہیں۔ 2 ہزار 380 مقدمات درج۔ بجلی چوروں پر 44 کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ پلان کو موثر بنانے کےلئے حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تبدیل کر کے غیر سیاسی افراد تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سیکرٹری پاور ڈویژن کے مطابق گزشتہ چھ روز میں 369 بجلی چور پکڑے گے۔ مجموعی طورپر بجلی چوری کے 6 ہزار 215 کیسز پکڑے گئے۔ 44 کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ملوث عناصر سے 16 کروڑ 20 لاکھ روپے بجلی چوروں سے وصول کر لیے گئے۔ ملک بھرمیں بجلی چوروں کیخلاف 4 ہزار سے زائد درخواستیں متعلقہ تھانوں میں درج ہیں۔
بڑے پیمانے پر بجلی چوری کے سد باب کےلئے بڑے فیصلے بھی سامنے آ گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاورکمپنیوں میں ٹیکنیکل، اہل اور غیر سیاسی افراد شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نگران وزیر توانائی محمد علی نے تفصیلات بھی مانگ لیں۔ تبدیلی کا فیصلہ رواں ہفتے کرلیا جائے گا۔ مقصد بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کو شفاف اور تقسیم کار کمپنیوں کے معاملات کو بہتر بنانا ہے۔
بجلی چوری اور میٹرز کی غیر قانونی تنصیب پر آئیسکو افسران اور سٹاف معطل کر دیئے گئے۔ معطل ہونے والے افسران میں ایکسیئن طاہر رشید،ایس ڈی او شاہد محمود سمیت 6 ملازمین شامل ہیں۔