پاکستانی خبریں

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ریفرنس فیصلے میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی پٹیشن واپس لینے کی درخواست مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا

خلیج اردو
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ریفرنس فیصلے میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی پٹیشن واپس لینے کی درخواست مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ناقابل سماعت ہونے کی بنا پر خارج کی جاتی ہے۔ استدعا منظور کرنا طے شدہ اصولوں کی خلاف ورزی ہوگا

 

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے 13صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا ۔فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کے اکتوبر 2022 کے فیصلے کے خلاف اپیل واپس لینے کی متفرق درخواست ناقابل سماعت ہے ، اس لیے خارج کی جاتی ہے۔

الیکشن کمیشن کا 21 اکتوبر 2022 کا فیصلہ پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ، درخواست گزار کو اسی عدالت سے عبوری ریلیف ملا اور متعدد سماعتیں بھی ہوئیں، جب درخواست واپس لینے کی استدعا کی گئی تب درخواست گزار کے وکیل مرکزی درخواست پر جزوی دلائل دے چکے تھے۔

 

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کوئی درخواست تب واپس نہیں کی جا سکتی جب لگے کہ بظاہر فریقین کا حق متاثر ہوگا، سندھ ہائیکورٹ اور دیگر عدالتوں کا بھی اس ضمن میں فیصلہ موجود ہے ، واضح عدالتی حوالوں کی موجودگی میں درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کرنا طے شدہ اصولوں کی خلاف ورزی ہوگا،

 

لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں صرف ایک فرق ہے کہ وہاں الیکشن کمیشن کے خط کو بھی چیلنج کیا گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ دائر درخواستوں کو قابل سماعت قرار دیتی ہے یا نہیں یہ اسی عدالت نے فیصلہ کرنا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button