
خلیج اردو
اسلام آباد: آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں ، پراسیکوشن جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ عدالت نے دونوں کے 342 کے بیان قلمبند کرنے کے بعد سزا سنائی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر بانی پی ٹی آئی کی آج کی دائر درخواست بھی غیر موثر ہوگئی ۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو روسٹرم پر بلایا تو بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں آ رہا ہوں، جلدی تو آپ کو ہے۔ ہم نے تو جیل میں ہی رہنا ہے ۔ جج نے بانی پی ٹی آئی سے استفسار کیا کہ 342 کے بیان پر دستخط کرینگے ۔ جس پربانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے پہلے بتائیں یہ ہوتا کیا ہے ۔
اس پر فاضل جج نے کہا کہ قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کو سوالوں کے جواب دینے کا موقع دے رہا ہوں ۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں اپنا جواب خود لکھوانا چاہتا ہوں ۔جس پر جج نے کہاکہ اچھی بات ہے آپ اپنا جواب خود لکھوائیں۔
فاضل جج نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 342کے بیان کیلئے سوالنامہ اور اسٹیٹ مینٹس کی کاپیاں فراہم کیں- ملزمان سے تقریبا 36 سوالوں کے جواب مانگے گئے ۔ دونوں سیاسی رہنماؤں نے خود جوابات لکھوائے۔ جج نے سزا سنانے سے پہلے آخری سوال پوچھا سائفر کہاں گیا؟بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ سائفر میرے پاس نہیں ہے، میں نے اپنے
بیان میں لکھوا دیا ہے، وزیراعظم آفس کی سکیورٹی میری ذمہ داری نہیں تھی۔
عدالت نے 342 کے بیان قلمبند کرنے کے بعد جرم ثابت ہونے پر بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو قید کی سزا سنائی۔۔ عدالت نے دونوں کوسائفر کیس میں 10 سال کی سزا سنائی۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں ، پراسیکوشن جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے بیان ریکارڈ کرانے سے قبل ہی فیصلہ سنا دیا گیا،جس کے فوری بعد جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین عدالت سے اٹھ کر چلے گئے۔ شاہ محمود قریشی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میرا تو ابھی بیان ہی ریکارڈ نہیں ہوا ہے۔ فیصلہ آتے ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی آج کی دائردرخواست غیر موثر ہوگئی۔ درخواست میں سرکاری ڈیفنس کونسل مقرر کرنے کا عمل چیلنج کیا گیا تھا۔