خلیج اردو : آج 5 فروری پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں آزاد کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیوں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔
قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف خطاب کریں گے، کوہالہ کے مقام پر یوم یکجہتی کشمیر کےحوالے سے تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
آج مختلف مقامات پر سیمینارز، کانفرنسیں، ریلیاں اوراحتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ کئی کلو میٹر کی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی۔ چوکوں اور چوراہوں پر بھارتی مظالم کے خلاف جلسے اور جلوس ہوں گے۔ کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی سب سے بڑی زنجیر بنائی جائے گی، تقریب میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے رہنما شرکت کریں گے۔