
خلیج اردو
کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔
اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد ایک انچ زمین پر بھی قابض نہیں رہ سکتے اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دشمن عناصر بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے میں ناکام ہوں گے اور حکومت عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت دی کہ یرغمالیوں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے اور واقعے میں ملوث تمام عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔






