
خلیج اردو
دبئی:پاکستان کے بیٹر سعود شکیل نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے افتتاحی میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیز رفتار نصف سنچری اسکور کی۔
فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں کراچی وائٹس کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اوپنر خواجہ نفیس کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا، تاہم خواجہ نفیس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
بعد ازاں خرم منظور نے سعود شکیل کا ساتھ دیا اور دونوں نے مل کر 52 رنز کی شراکت قائم کی۔ خرم منظور 29 گیندوں پر 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود بھی جلد آؤٹ ہو گئے اور صرف 8 رنز بنا سکے، تاہم سعود شکیل نے وکٹ گرنے کے باوجود اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 50 گیندوں پر 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
سعود شکیل نے اپنی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی وائٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 159 رنز بنائے۔
جواب میں اسلام آباد کی ٹیم نے اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا اور پاور پلے میں 17 رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں۔
اسلام آباد کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور 13 اوورز میں 73 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے، جبکہ انہیں فتح کے لیے 41 گیندوں پر 87 رنز درکار تھے۔