پاکستانی خبریں

ملک بھر میں طوفانی بارشیں، ژالہ باری اور آندھی سے تباہی، نظام زندگی مفلوج، جہلم میں دو افراد جاں بحق، پندرہ زخمی

خلیج اردو
اسلام آباد / جہلم – ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفان، ژالہ باری اور موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو گئے ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر سمیت متعدد شہروں میں چھتیں اڑ گئیں، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، گاڑیوں اور گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ کھڑی فصلیں اور باغات بری طرح تباہ ہو گئے۔

اسلام آباد میں قائداعظم یونیورسٹی کی کینٹین کی چھت تیز ہوا کے باعث گر گئی، جب کہ آبپارہ کے علاقے میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ ایبٹ آباد، نتھیاگلی، ایوبیہ، ٹھنڈیانی، مظفرآباد اور جہلم ویلی میں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری نے سرد موسم کی شدت بڑھا دی۔ وادی نیلم کے باڑیاں نالے میں فلیش فلڈ کے باعث شاہراہ نیلم بند ہو گئی جس سے سیاحوں اور مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ اور سوات کے علاقوں مٹہ، کبل اور دیگر مقامات پر طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری نے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی تیز آندھی اور بارش نے تباہی مچائی۔ لاہور میں کالی گھٹاؤں نے دن کو رات میں بدل دیا۔ مریدکے اور شیخوپورہ شہر سمیت گردونواح میں آندھی سے سائن بورڈ اکھڑ گئے، جبکہ میانوالی اور بلوچستان کے بارکھان میں طوفانی جھکڑ اور ژالہ باری نے نظام زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔

کئی علاقوں میں بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد کے لیے نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے تیز آندھی، گرج چمک اور طوفان کی وارننگ دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ادھر جہلم میں طوفانی آندھی اور بارش سے افسوسناک حادثات پیش آئے جن میں دو افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک نوجوان سلیمان پارس اور ایک بزرگ شہری شامل ہیں، جن کا تعلق ڈھوک وہاب دین سے ہے۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، جبکہ تمام زخمیوں اور لاشوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

طوفانی موسم کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال نے انتظامیہ کو الرٹ کر دیا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button