
خلیج اردو
اسلام آباد: آج شام سال کا سب سے بڑا اور دلکش بیور سپر مون آسمان کو اپنی چمک سے منور کرے گا۔ پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق سپر مون وہ لمحہ ہوتا ہے جب چودھویں کا چاند زمین کے سب سے قریب آجاتا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق آج چاند زمین سے صرف 221,817 میل کے فاصلے پر ہوگا، جب کہ اپنی روشنی کے عروج پر یہ شام 6 بجکر 19 منٹ پر پہنچے گا۔ سپارکو کے مطابق چاند آج اپنے معمول کے حجم سے تقریباً 9.7 فیصد بڑا اور 16 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔
سال کے تین سپر مونز میں سے یہ دوسرا موقع ہے، جس کا دلکش نظارہ آج رات دیکھا جا سکے گا، جبکہ اگلا سپر مون دسمبر میں ممکن ہوگا۔ ماہرین نے فلک بینوں اور شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس نایاب فلکی منظر کے مشاہدے کے لیے تیار رہیں۔






