
خلیج اردو
گیانا: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 14 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 164 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 رنز کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ فخر زمان نے 28 جبکہ حسن نواز نے 24 رنز کی کارآمد اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔
ویسٹ انڈیز کے ہدف کے تعاقب میں جانسن چارلس اور جیویل اینڈریو نے 35، 35 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلیں، تاہم محمد نواز کی نپی تلی بولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ نواز نے 3 اہم وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کی پیش قدمی روک دی۔ صائم ایوب نے ایک وکٹ کے ساتھ بولنگ میں بھی کردار ادا کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے آخری اوورز میں ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 20 رنز درکار تھے لیکن پاکستانی بولرز نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ویسٹ انڈین بلے بازوں کو قابو میں رکھا اور 14 رنز سے کامیابی حاصل کی۔






