
خلیج اردو: یوکرین کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 49ویں اجلاس کے فریم ورک کے تحت، متحدہ عرب امارات نے یوکرین میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ قرارداد کو 32 رکن ممالک کے اکثریتی ووٹ کے ساتھ منظور کیا گیا،دو ممالک نے قرارداد کی مخالفت جبکہ 13 نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ قرارداد میں چارٹر کے آرٹیکل 2 کے تحت تمام ممالک کو ان کی ذمہ داریوں کی یاددہانی کرائی گئی کہ وہ بین الاقوامی تعلقات میں کسی بھی ملک کی علاقائی سالمیت یا سیاسی آزادیوں کے خلاف طاقت کے استعمال یا خطرہ بننے سے باز رہیں گے اور اپنے بین الاقوامی تنازعات کو پرامن طریقوں سے حل کریں گے۔ جنیوا میں اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے لیے متحدہ عرب امارات کے سفیر اور مستقل نمائندے أحمد عبدالرحمن الجرمان نے یوکرین تنازعے کے تمام فریقوں سے تحمل سے کام لینے، کشیدگی میں کمی اور بات چیت اور سفارتی ذرائع سے بحران کو ختم کرنے کی اپیل کی۔ الجرمان نے کشیدگی میں کمی اور بحران کا پرامن حل تلاش کرنے کی کوششوں کے حوالے سے اپنے ملک کے موقف پر زوردیا۔۔ الجرمان نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات بحران کے پرامن حل ، استحکام اور سلامتی کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے ہر سطح پر بات چیت اور سفارت کاری پر مبنی کوششوں کی حمایت کرتا ہے جس سے معمول پر صورتحال کی بحالی کے لیے ضروری سیاسی حل کی راہ ہموار ہوگی