متحدہ عرب امارات

یو اے ای کی جانب سے واٹس ایپ پر خطرناک ’زیرو ڈے‘ سائبر حملے سے متعلق وارننگ جاری

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی سائبر سیکیورٹی کونسل نے ایک خطرناک "زیرو ڈے” سائبر حملے کے بارے میں وارننگ جاری کی ہے، جو ہیکرز کو صرف ایک واٹس ایپ کال کے ذریعے اسمارٹ فون تک رسائی فراہم کر سکتا ہے، چاہے صارف کال ریسیو نہ بھی کرے۔

کونسل نے وضاحت کی کہ "زیرو ڈے اٹیک” ایسے سیکیورٹی نقص سے فائدہ اٹھاتا ہے جو ابھی تک ڈیویلپرز کے علم میں نہیں آتا۔ اس صورت میں ہیکرز صرف ایک غیر مانوس نمبر سے واٹس ایپ کال کے ذریعے صارف کے ذاتی ڈیٹا، تصاویر، گفتگو اور اکاؤنٹ فنگر پرنٹس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

سائبر سیکیورٹی کونسل کے مطابق، ایسے حملے کال موصول ہوتے ہی ایکٹیویٹ ہو سکتے ہیں اور متاثرہ شخص کو علم تک نہیں ہوتا کہ اس کا فون ہیک ہو چکا ہے۔ کونسل نے شہریوں خصوصاً سرکاری اور حساس اداروں کے ملازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ باقاعدگی سے سیکیورٹی اپ ڈیٹس انسٹال کریں، دو مرحلہ جاتی توثیق (Two-Step Verification) فعال رکھیں، اور ذاتی ڈیوائسز پر حساس نوعیت کی گفتگو یا معلومات سے گریز کریں۔

مزید احتیاطی تدابیر کے طور پر شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ غیر مانوس نمبروں سے آنے والی کالز بلاک کریں، مشکوک لنکس پر کلک نہ کریں، صرف مستند سیکیورٹی ایپس استعمال کریں، سرکاری ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں اور واٹس ایپ کو ہمہ وقت اپ ڈیٹ رکھیں۔

کونسل نے خبردار کیا کہ جعلی ویب سائٹس بظاہر اصلی نظر آتی ہیں لیکن ان کا مقصد صارفین کا ڈیٹا، رقم اور شناخت چرانا ہوتا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی لنک پر کلک کرنے سے پہلے اس کی تصدیق یو اے ای سائبر سیکیورٹی کونسل کے آفیشل پورٹل staysafe.csc.gov.ae/home پر کریں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button