
خلیج اردو
فجیرہ میں ایک 29 سالہ بھارتی تارکِ وطن نوجوان ٹریلر کے اندر مردہ حالت میں پایا گیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت انصار کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش جمعہ کی صبح اس ٹریلر ٹرک کے اندر ملی جس میں وہ کام کرتا تھا، تاہم موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
انصار کے جڑواں بھائی انس نے بتایا کہ انصار عام طور پر اپنے کمرے کے بجائے ٹرک میں ہی سوتا تھا۔ ان کے مطابق سردی کی وجہ سے اس نے دو جوڑے موزے اور کپڑے پہن رکھے تھے، ٹریلر بند تھا، تمام کھڑکیاں بند تھیں اور اندر ہیٹر موجود تھا۔ انس کا کہنا ہے کہ فجیرہ پولیس کی فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے۔
انصار کا تعلق بھارتی ریاست کیرالہ سے تھا اور وہ گزشتہ آٹھ برس سے یو اے ای میں مقیم تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق اس نے اس دوران اپنے آبائی علاقے کا دورہ نہیں کیا تھا اور اگلے ماہ بھارت جانے کا ارادہ رکھتا تھا۔ وہ مصفّیٰ میں ایک گیراج میں کام کرتا تھا اور یو اے ای کے مختلف علاقوں میں ڈرائیونگ کرتا رہتا تھا۔
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ انصار نے حال ہی میں ہیوی ٹرک لائسنس کے لیے درخواست دی تھی اور ٹیسٹ کا انتظار کر رہا تھا، جس کے بعد وہ کچھ عرصے کے لیے وطن جانا چاہتا تھا۔
انس نے مزید بتایا کہ اگرچہ دونوں بھائی دو ماہ سے نہیں ملے تھے، مگر روزانہ کم از کم دس منٹ ایک دوسرے سے بات ضرور کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اکثر انصار کی صحت اور احتیاط نہ کرنے پر فکر مند رہتا تھا۔
سماجی کارکن کے مطابق کیرالہ مسلم کلچرل سینٹر (کے ایم سی سی) متوفی کی میت کو وطن منتقل کرنے کے انتظامات کر رہا ہے، کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش کیرالہ بھیجی جائے گی جہاں تدفین کی جائے گی۔







