خلیج اردو: وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے وفد نے گزشتہ روز ملاقات کی ہے۔
وفد میں ابوظہبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حسن السویدی اور انٹرنیشنل ہولڈنگز کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید بصر شوپ اور دیگر شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد کو خوراک و زراعت، ہوا بازی، بجلی، متبادل توانائی سمیت سولر انرجی، مالیاتی خدمات، صحت کی دیکھ بھال، صنعت، لاجسٹکس، رئیل اسٹیٹ، سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں پاکستان کی جیو اکنامک پوٹینشل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ سالک حسین اور اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔